سنو سنو !!
آہ جاتی ہے فلک پر رحم لانے کے لئے
(ناصرالدین مظاہری)
وہ جن کو اپنی طاقت وقوت پر گھمنڈ ہے ، جنھیں اپنی افرادی ، عسکری ، لشکری اور بھاری بھرکم اسلحوں پر غرور ہے ، جو فرعون اور نمرود کے حشر سے غافل ہیں ،جو اپنی طاقت کے آگے نعوذباللہ اللہ تعالیٰ کی قوت کو للکارتے ہیں ، تمرد اور سرکشی ، ظلم و ناانصافی کے باعث اللہ تعالیٰ کے غضب کو بھڑکاتے ہیں، جو ہمیشہ ظالموں کے شانہ بشانہ چلتے اور مظلوموں کے خون سے ہولیاں کھیلتے ہیں کب اللہ کی پکڑ آجائے کچھ نہیں کہا جاتا سکتا ہے۔
زیادہ دن نہیں گزرے امریکہ کے ایک بڑے شہر میں پانی کے ذریعہ ایسی تباہی آئی تھی کہ سابقہ ریکارڈ ٹوٹ گئے تھے ابھی اس تباہی وبربادی سے ظالموں کو سنبھلنے کا موقع بھی نہیں ملا تھا کہ پھر قدرت کی زبردست مار ان پر پڑی اور بھیانک آگ کے شعلوں اور لپٹوں سے امریکہ کا ایک شہر لاس اینجلس جل اٹھا ،یہ آگ جہنم کا منظر پیش کررہی ہے ، ایک تو بھیانک آگ سے بڑے بڑے مکانات ، پلازے ، حویلیاں ، ولاز اور کوٹھیاں دھڑا دھڑ خاکستر ہورہی ہیں دوسری طرف اس آگ کو مزید دہکانے ، بھڑکانے اور ظالموں کو ان کے انجام تک پہنچانے کے لئے اللہ تعالی نے ہوا کو مسلط کردیا، آگ اتنی تیز ، شدید اور خطرناک ہے کہ دور دور تک آگ ، دھواں اور راکھ سے زمین سیاہ نظر آتی ہے ، یہ وہ شہر ہے جس کو دولت اور امارت میں امریکہ کی ریڑھ کی ہڈی سمجھا جاتا ہے ،یہ وہ شہرہے جہاں امریکہ کے فلمی افراد رہتے ہیں ،جہاں ہر قسم کے ظاہری انتظامات تھے ، لیکن خدا کو للکارنے والے ، مشرق وسطی کو آتش وآہن سے تڑپا دینے کی دھمکی دینے والے خود سر ، متکبر حکمراں کی دھمکی ان ہی پر الٹ گئی ، اس آگ کے باعث امریکہ کا ناقابل تلافی نقصان ہوا ہے ، لاس اینجلس میں راکھ کے ڈھیر ہیں ، ہرا بھرا اور خوبصورت شہر چند دن میں نمونۂ عبرت بن چکا ہے ، ہرے درخت سوکھی لکڑی کے مانند چلتے دنیا نے دیکھاہے ، وہ لوگ جن کو اللہ تعالی نے عقل دی ہے ، فہم دیاہے ،بصیرت دی ہے ، وہ توبہ واستغفار میں لگ گئے اور وہ لوگ جن کے دلوں پر اس ذات مطلق نے مہر لگادی وہ اس کو اتفاقی حادثہ سمجھ کر جھوٹی تسلیوں کا سہارا لے رہے ہیں۔ اَوَ لَا یَرَوْنَ اَنَّهُمْ یُفْتَنُوْنَ فِیْ كُلِّ عَامٍ مَّرَّةً اَوْ مَرَّتَیْنِ ثُمَّ لَا یَتُوْبُوْنَ وَ لَا هُمْ یَذَّكَّرُوْنَ۔
کیا وہ یہ نہیں دیکھتے کہ انہیں ہر سال ایک یا دو مرتبہ آزمایا جاتا ہے پھر (بھی)نہ وہ توبہ کرتے ہیں اورنہ ہی نصیحت مانتے ہیں۔
یاد کیجیے سال گزشتہ غزہ کے نہتے مسلمان بھائیوں ، بہنوں ، بچوں اور گھروں پر اسی امریکہ کی شہ اور پشت پناہی میں اسرائیل نے پورے غزہ کو کھنڈر میں تبدیل کردیا تھا آج اللہ تعالیٰ نے اسی فرنگ کو اجاڑدیا ، بگاڑ دیا ، زمین بوس کردیا، نقصان اتنا بڑا ہے کہ دوبارہ پرانی حالت اور کیفیت تک پہنچنے کے لئے ایک زمانہ لگ جائے گا اسی کو حق سبحانہ و تقدس نے اپنے کلام مقدس میں فرمایا ہے مَكَرُوْا وَ مَكَرَ اللّٰهُؕ-وَ اللّٰهُ خَیْرُ الْمٰكِرِیْنَ۔ اور کافروں نے مکر کیا ا ور اللہ نے ان کے ہلاکت کی خفیہ تدبیر فرمائی اور اللہ سب سے بہترچھپی تدبیر والا ہے۔
الھی تدبیریں کب کہاں کیسے کام کرتی ہیں کسی کونہیں پتہ ،وہ خشک زمین سے پانی نکالنے پر قادر ہے،وہ سمندروں میں آگ پیدا کرنے کی طاقت رکھتاہے ،وہ ہواؤں کو عذاب بناسکتایے ،وہ پہاڑوں کی جگہ سمندر پیدا کرنے پر قادر ہے،کوئی چیز ایسی نہیں جو اس کی حکومت اور حاکمیت سے الگ ہو۔ اے اللہ !آپ ہی کی توذات ہے جو خشکی و تری کی مالک ہے ،آپ ہی تو ہیں جو شہ رگ سے زیادہ قریب ہیں ،آپ ہی تو ہیں جو قلوب کے اندر نقش عبارت کو پڑھنے، دیکھنے ،سمجھنے اور قلوب کو پھیرنے کی قدرت رکھتے ہیں۔
غازیان غزہ پر کرم فرما، ظالمان و عاصیان اور طاغیان کو ان کے ہر ظلم کا بدلہ دے، روئے زمین پر اپنی توحید کاغلغلہ اور بول بالا پیدا فرما۔توحید پرستوں کی حفاظت فرما۔